پاکستان مخالف فلموں میں اداکاری کرنے والے بھارتی اداکار سنی دیول بھی پاکستانیوں کی محبت کے گرویدہ ہوگئے
بالی وڈ میں کئی پاکستان مخالف فلموں میں اداکاری کرنے والے بھارتی اداکار سنی دیول بھی پاکستانیوں کی محبت کے گرویدہ ہوگئے۔
وزیراعظم عمران خان نے 9 نومبر کو سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبہ کے عکاس کرتارپور راہداری کے فقید المثال منصوبہ کا افتتاح کیا جس میں بھارتی اداکار سنی دیول نے بھی شرکت کی۔
سنی دیول جو بالی وڈ میں ‘غدر’ اور ‘بارڈر’ جیسی فلموں میں پاکستان کے خلاف زہر افشانی کرتے نظر آئے، اپنے وطن واپسی پر ان کا پاکستان اور پاکستانیوں سے متعلق نظریہ ہی بدل گیا۔ انہوں نے وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کی جس میں ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستان جانا بہت اچھا رہا، وہاں سب لوگوں نے بہت ڈھیر سارا پیار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امن کی نئی شروعات ہے اور میں چاہتا ہوں کہ سب اسی طرح پیار و محبت کے ساتھ رہیں۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں سنی دیول نے کہا آپ نے دیکھا ہے نا ٹی وی پر لوگ بہت پیار کرتے ہیں، دونوں ممالک میں یہ بہت اچھی چیز شروع ہوئی ہے لڑنے کا کیا فائدہ پیار ہی پیار رہے۔