عمران خان بننے کی خواہش نہیں: کمار سنگاکارا
سری لنکا کے سابق عظیم بیٹسمین کمارسنگاکارا نے واضح کیاکہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ان کی جانب سے یہ وضاحت مقامی میڈیا کی ان رپورٹس پر ردعمل کے طور پر سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنگاکارا آئندہ برس صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق کپتان کا موازنہ پاکستان کے عظیم کرکٹر عمران خان سے کیا جا رہا ہے جو جلد ہی وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے والے ہیں۔
کمار سنگاکارا نے کہاکہ میں اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ہمیشہ کیلیے ختم کرنا چاہتا ہوں، میرا سیاست میں آنے یا کوئی بھی سیاسی عہدہ سنبھالنے کاکوئی ارادہ نہ ہی ایسی کوئی خواہش موجود ہے، میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا اور پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ کبھی سیاست میں نہیں آئوں گا۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں آئندہ برس صدارتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی ماحول کافی گرم ہے تاہم ابھی تک حکومتی اتحاد اور مرکزی اپوزیشن کی جانب سے اپنے امیدوار سامنے نہیں لائے گئے۔ سری لنکا کے بھی کئی سابق کرکٹرز سیاست میں کامیابی سمیٹ چکے ہیں، آئی لینڈرز کو ورلڈ کپ جتوانے والے ارجنا رانا ٹنگا موجودہ حکومت میں وزیر ہیں،ایک اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بطور ڈپٹی منسٹر کام کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ سنگاکارا نے اگست 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، انھوں نے اپنے کیریئر کے دوران 134 ٹیسٹ میچز میں 11 ڈبل سنچریوں سمیت 12400 رنز بنائے۔ ان کا شمار اپنے ملک کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، انھوں نے آئی لینڈرز کو 2011 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی پہنچایا جہاں پر میزبان بھارت کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔