کرکٹکھیل

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز ٗ پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی۔سیریز کے تمام میچز میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے کینگروز کپتان ایرون فنچ اس میچ میں اپنا جادو نہ چلا سکے اور صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ الیکس کیری 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ٗ آرکی شارٹ 28،

گلین میکسویل 10، ٹریوس ہیڈ 7، نک میڈنسن 5 اور مارکس اسٹونس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گرین شرٹس کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں زبردست کارکردگی پیش کرنے پر اوپننگ بلے باز فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان اور حارث سہیل نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو حارث سہیل کی شکل میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو کوئی رنز نہ بناسکے۔حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسری وکٹ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 72 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 80 تک پہنچا تو حسین طلعت میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، وہ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 30 رنز بناسکے۔کپتان سرفراز احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آسٹریلوی بولروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے فخر زمان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد اسٹونیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 44 گیندوں پر 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔شعیب ملک 27 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 37 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر اور اینڈریو ٹائی نے 2،2 جب کہ گلین میکسویل اور اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Back to top button