کرکٹکھیل

سرفراز کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا لیکن پاکستان کی اننگز کے دوران کیا ہوتارہا جس کی وجہ سے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں مل سکا؟ رمیز راجہ،وسیم اکرم کے حیرت انگیز انکشافات

لیڈز(این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ جس طرح کی کنڈیشن تھیں اور دھوپ نکلی ہوئی تھی اگر میں بھی ٹاس جیت لیتا تو پہلے بیٹنگ ہی کرتا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں انگلینڈ کے بولروں کو کریڈٹ دینا ہوگا جنہوں نے کنڈیشنز کو بہت اچھے طریقے سے استعمال کیا لیکن جب میچ شروع ہوا تو گیند مسلسل ہل رہا تھا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کی پہلی
اننگز میں کوئی گیند ایسی نہیں تھی جو سوئنگ نہ ہوئی ہو، ہلتی ہوئی گیندوں پر کسی بھی لمحے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا، لاردز ٹیسٹ میں کچھ گیندیں ایسی تھیں جو سیدھی رہ رہی تھی لیکن ہیڈنگلے کی کنڈیشنز مشکل تھیں جس پر بیٹسمینوں کو الزام دینا درست نہیں ہے۔وسیم اکرم نے شاداب خان کی بیٹنگ صلاحیتوں کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ شاداب کو میں نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں منتخب کیا تھا، ہر اننگز کے بعد شاداب ایک منجھے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے کہا ہے کہ ہیڈنگلے لیڈز پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا۔ایک انٹرویومیں پاکستان کے لیے 57 ٹیسٹ میچوں میں 31.83 کی اوسط سے 2833 رنز بنانے والے رمیز راجا نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ قومی ٹیم میں کچھ کرنے اور خود کو منوانے کا جذبہ نظر آرہا ہے۔سابق کپتان نے کہاکہ لارڈز کی فتح کے بعد لیڈز میں کھلاڑیوں کے حوصلے بلند دکھائی دے رہے ہیں جو ایک حقیقت پسندانہ سوچ کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ سرفراز کا پہلے بیٹنگ کرنا ایک دلیرانہ فیصلہ تھا جسے سراہنا چاہیے۔رمیز راجا کے مطابق پاکستان ٹیم کے کپتان نے جب بیٹنگ کا فیصلہ کیا اس وقت دھوپ نکلی ہوئی تھی اور پچ پر گھاس نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ عین ممکن تھا کہ انگلش کپتان جو روٹ بھی ٹاس جیتے تو وہ بھی یہی کرتے جو سرفراز نے کیا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ یہ درست ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کھیل کر شدید دباؤ محسوس کر رہی ہے اور قومی ٹیم کے پاس سیریز جیتنے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔رمیز راجا نے لیڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے امام الحق کے حوالے سے کہا کہ تھوڑا صبر امام کا اتنی جلدی تجزیہ کرنا غیر مناسب ہو گا، وہ ایک نوجوان بیٹسمین ہے، جو کچھ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ امام انگلینڈ میں پہلی سیریز کھیل رہا ہے اسے تھوڑا وقت دینا مناسب ہو گا، انگلینڈ میں آکر تو بڑے بڑے تجربے کار بیٹس مین مشکلات ہو شکار ہو جایا کرتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button