ریاض : سعودی عرب میں شوہر نے مہمانوں کے لیے قہوہ بنانے کے بجائے پب جی کھیلنے پر بیوی کی پٹائی کردی جس پر بیوی نے عدالت سے رجوع کرلیا۔
آن لائن گیم کھیلنے کا جنون کسی نشے سے کم نہیں یہی وجہ ہے اس عادت کے ہاتھوں کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے اور رشتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ سعودی عرب کے ایک گاؤں میں پیش آیا ہے۔
عید الاضحٰی پر شوہر کے دوست ملنے آئے جن کے لیے قہوہ بنانے کا کہہ کر وہ مہمان خانے چلے گئے لیکن ادھر خاتون خانہ پب جی کھیلنے میں مگن رہیں اور قہوہ بنانا بھول گئیں۔ دوست مذہبی تہوار کے روز بنا کسی خاطر مدارت کے واپس لوٹ گئے۔
شوہر اور بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور شوہر نے بیوی کی پٹائی کردی جس پر بیوی عدالت پہنچ گئی اور عرضی جمع کرائی کہ شوہر مجھے پب جی کھیلنے سے منع کرتے ہیں جب کہ میں اپنی تمام گھریلو ذمہ داریاں پوری کرتی ہوں۔
عدالت نے خاتون کی عرضی کو خارج کردیا اور جوڑے کو مصالحتی کمیٹی سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔