لندن(آئی این پی)انگلینڈ کے سابق آل راونڈر این بوتھم نے انگلش بورڈ کے مجوزہ 100بال فارمیٹکی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور کھیل میں نئی تبدیلیاں روشناس کرائیں تاکہ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک مثبت تجویز ہے اور کھیل کے فروغ میں بھی مدد گار ثابت ہو گی ۔اگرچہ اس تجویز پر شدید تنقید ہو رہی ہے تاہم بوتھم کا کہنا تھا کہ ہر نئی تجویز اور خیال کو ابتدا میں ایسی ہی مخالفت کا سامنا ہوتا ہے لیکن اس پر عمل درآمد کے بعد
نہ صرف مخالفت ختم ہو اتی ہے بلکہ آئیڈیا مقبول بھی ہوجاتا ہے ۔ ہمارے سامنے ٹیسٹ کرکٹ کی موجودگی میں پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی آمد اور مقبولیت کی مثالیں موجود ہیں۔انہیں بھی ابتدا میں اسی طرح مسترد کیا گیا تھا لیکن اب یہ مقبول فارمیٹ ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ پیچھے جا رہی ہے۔بوتھن نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ مقبولیت میں آئی پی ایل اور بگ بیش کا ہم پلہ ہو سکتا ہے لیکن ہمیں اس پر صبر و تحمل کے ساتھ عمل درآمد کرنا ہوگا۔