فٹبالکھیل

یوراگوئے کو شکست، فرانس 12سال بعد ورلڈ کپ سیمی فائنل میں

 فرانس نے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دے کر 12 سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ روس کے شہر نزنی نووگورڈ میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ 1998 کا ورلڈ کپ جیتنے والی فرانس اور دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپیئن یوراگوئے کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ میچ سے قبل ہی یوراگوئے کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا اور گزشتہ میچ میں پرتگال کے خلاف دو گول اسکور کرنے والے ایڈنسن کوانی انجری کے سبب میچ سے باہر ہو گئے۔ میچ

کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن فنشنگ نہ ہونے کے سبب ہاف کے ابتدائی حصے میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ بالآخر فرانس کی ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب میچ کے 40 ویں منٹ میں رافیل ویرین نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ ہاف کے اختتام سے قبل مارٹن سیسیرس نے شاندار ہیڈر کے ذریعے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس کاوش میں کامیاب نہ ہو سکے۔ میچ کے دوسرے ہاف میں یوراگوئے کی ٹیم میچ میں واپسی کرسکتی تھی لیکن ان کے گول کیپر کی سنگین غلطی نے دو مرتبہ کی سابق چیمپیئن ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔ فرانس کے اسٹار انٹونیو گریزمین نے یوراگوئے کے گول کی جانب ہٹ ماری جو سیدھی گول کیپر کے ہاتھوں میں گئی لیکن یوراگوئے کے لیے 102واں انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے فرنینڈو مسلیرا اسے روک نہ سکے اور گیند ان کے ہاتھ سے لگ کر گول میں جا پہنچی۔ اس کے بعد یوراگوئے نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ میں واپسی کی کوشش کی اور اسی کوشش میں میچ کے اختتام سے 8 منٹ قبل فرانس کے کائلیان ایمباپے اور کرسٹین روڈریگوئز کے درمیان جھڑپ ہو گئی اور یہ معاملہ اس وقت مزید خراب ہو گیا جب یوراگوئے کے کپتان ڈیاگو گوڈن بھی اس جھڑپ کا حصہ بن گئے۔ تاہم ریفری نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کرانے کے ساتھ ساتھ ایمباپے اور روڈریگوئز کو پیلا کارڈ دکھا دیا۔ جب ریفری نے میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو 0-2 کا اسکور فرانس کی فتح کا اعلان کر رہا تھا جبکہ یوراگوئے کی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ فرانس کی ٹیم 12سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی۔ اس سے قبل آخری بار فرانسیسی ٹیم نے 2006 میں سیمی فائنل کھیلا تھا اور فائنل میں اسے اٹلی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

Back to top button