پاکستان
گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال
لاہور: ٹول ٹیکس، جرمانے اور دیگر ٹیکسز سے پریشان گڈ ٹرانسپورٹرز کی ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے، حکام کےمطابق مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
ٹول ٹیکس، جرمانے اور دیگر ٹیکسز سے پریشان گڈ ٹرانسپورٹرز نے آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دے رکھی ہے جبکہ مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں،حیدرآباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جرمانوں کے خلاف غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال جاری ہے اورگڈز ٹرانسپورٹرز نے ٹرک اور مزدے کھڑے کرکے بکنگ آفیسز میں کام بند کردیا۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ نئے ٹیکسزاور چالان میں دس گناہ اضافہ پر ٹرانسپورٹرز نے آج ہڑتال کی ہوئی ہے،24گھنٹوں میں اضافی جرمانے واپس نہ کیے گئے تو سڑکوں پر نکلیں گے۔دوسری جانب گڈ ٹرانسپورٹرز نے حیدرآباد میں ہی پٹھان کالونی اور ہالا ناکہ روڈ پر ٹرک کھڑے کر دیے ہیں جبکہ راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی نے لاہور گڈز ٹراسپورٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ پہیہ جام ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر راولپنڈی گڈزایسوی ایشن کا کہنا تھا کہ اگر آج لاہور میں مطالبات نہ مانے گئے تو راولپنڈی گڈز ایسوسی ایشن بھی پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دے گی اورمطالبات نہ مانے گئے تو پورے پنجاب میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔اسی طرح پسرور میں بھی چالانوں میں اضافہ کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے مکمل ہڑتال کر رکھی ہے اور ڈسکہ ،لاہور ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ اور نارووال جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پربند ہے جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔لاہور میں بھی ٹرانسپورٹر سراپا احتجاج ہیں اورجرمانوں میں اضافہ کے خلاف لاری اڈا پر ٹرانسپورٹرز کا احتجاج جاری ہے جس میں حکومت کے خلاف شدید نعر ے بازی جاری ہے۔
یاد رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے لاہور کے داخلی اور خارجی راستے بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے سبزیوں اور دودھ کی سپلائی کیلئے بھی ٹرانسپورٹ نہ چلانے کا اعلان کر رکھا ہے اور پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار کہتے ہیں کہ ہر قسم کی گاڑیوں کا پہیہ جام رکھیں گے۔