پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کا ستارہ گردش میں ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد اب وہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے رکن ہیں لیکن خراب کارکردگی کی وجہ سے ان کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
اب ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حددرجہ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کی وجہ سے ان پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔
ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کا ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا اور انہیں کم سے کم تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی احمد شہزاد کا نام لیے بغیر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک دو روز میں قومی ڈوپنگ ایجنسی سے اس معاملے پر حتمی جواب مل جائے گا اور آئی سی سی قوانین کے مطابق رپورٹس کی تصدیق تک پی سی بی پلیئر کا نام نہیں جاری کرسکتا۔