پاکستانی بیٹسمینوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم انگلش کرکٹ کلب لیسٹر شائر کے خلاف 2 روزہ وارم اپ میچ کے پہلے دن9 وکٹ پر 321 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔لیسٹرمیں شروع ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز اظہر علی اور فخر زمان نے سرفراز احمد کے اس فیصلے کو درست ثابت کیا اور پہلی وکٹ پر 121ر نز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان نے 14 چوکوں کی مدد سے 71رنز کی اننگز کھیلی، اظہر علی نے 73رنز بنائے ، اْن کی اننگز میں 13 چوکے شامل
تھے۔اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا، وہ 69رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، کپتان سرفراز احمد اور شاداب خان 17، 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف نے 15 اور محمد عباس نے 16رنز کی اننگز کھیلی۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان کا اسکور 9 وکٹ پر 321 رنز تھا، لیسٹر شائر کی جانب سے علی، جاوید، کلین اور ویلز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میں 24 مئی سے کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم جون سے کھیلا جائے گا جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 12 اور 13 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔اس سے قبل پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔