(ن) لیگ کے راستے میں جو بھی پتھر پھینکنے کی کوشش کریگا عوام کے سمندر میں بہہ جائیگا‘ پرویز ملک
لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے راستے میں جو بھی پتھر پھینکنے کی کوشش کرے گا وہ عوام کے سمندر میں بہہ جائے گا،ن لیگ نے اپنے دور میں عوام کی دن رات خدمت کی ہے، اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کردیا ہے، توانائی منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں نئی مثال قائم کی ہے اور ان منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئ
ہیں۔ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ریکارڈ مدت میں توانائی منصوبے مکمل کر کے ملک سے اندھیرے دور کئے ہیں۔دن رات جھوٹ بولنے والوں نے توانائی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کر کے عوام کی مشکلات بڑھائیں لیکن اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی، آئندہ عام انتخابات میں عوام ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے، 2018 کے الیکشن میں جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی مہر اشتیاق ،میاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز ،سید توصیف شاہ سینیٹر،ڈاکٹر اسد اشرف،تنویر ضیا بٹ،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چوہدری جاوید اقبال ،ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ترقیاتی کاموں کے خوف سے مخالفین کے اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں، نااہلی کے باوجود بھی ملکی سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے، ان کی مخالفت میں اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں، ان کی وجہ سے ایک دوسرے کی شکل نہ دیکھنے والے اکٹھے بیٹھنے پر مجبور ہیں،۔نااہلی کے باوجود بھی ملکی سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے، ان کی مخالفت میں اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔ نواز شریف کا خوف ان کے مخالفین کو کھائے جا رہا ہے۔ عمران ساڑھے چار سال سے رو رہے ہیں اور روتے ہی رہیں گے۔ جیسے جیسے شیر آگے بڑھے گا ان کا رونا مزید تیز ہوتا جائے گا۔