نیب نے میاں شہباز شریف کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے میاں شہباز شریف کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا ہے، نیب نے ان کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔
نیب نے شہباز شریف کے جو اثاثہ منجمد کرنے کے احکامات دیے ہیں ان میں 96 ایچ اور 87 ایچ ماڈل ٹاؤن کے گھر بھی شامل ہیں، نیب نے حکم دیا ہے کہ شہباز شریف کی ایبٹ آباد میں ڈونگا گلی کی رہایش گاہ اور ہری پور میں 3 جائیدادیں منجمد کی جائیں۔
نیب نے لاہور میں ڈیفنس فیز 5 کے 2 گھر بھی منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، چنیوٹ میں دو مقامات پر 182 اور 209 کینال اراضی بھی منجمد کر دی گئی، نیب کے مطابق شہباز شریف کی لاہور میں 13 مختلف مقامات پر جائیدادیں منجمد کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گزشتہ روز شہباز شریف کی جعلی کمپنیوں سے متعلق ایک چشم کشا رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس میں ان کی مبینہ جعلی کمپنیوں کا نیٹ ورک بے نقاب کیا گیا، بتایا گیا کہ لیگی رہنما کا کیمپ آفس منی لانڈرنگ کا گڑھ بنا رہا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لینڈ کروزر کا منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا، شہباز شریف کی ایک کمپنی میں 7 ارب روپے کا لین دین ہو رہا تھا، ان کی 6 فرنٹ کمپنیاں بھی ہیں جو کسی اور کے نام پر چل رہی ہیں۔