نفرت انگیز تقاریر، بانی ایم کیو ایم پر فرد جرم عائد
لندن: برطانوی پولیس نے بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر فرد جرم عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کو دو ہفتے کے ٹرائل میں روزانہ پیش ہونا پڑے گا، ان پر نفرت انگیز کیس میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
اس سے قبل وہ سدک پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے جو کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران ان کی تیسری پیشی تھی۔
سدک پولیس اسٹیشن میں بار بار کی پیشی ضمانت ختم ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ 2016 میں بانی ایم کیو ایم نے پاکستان مخالف تقریر کی تھی جس کے بعد کراچی کے حالات خراب ہوگئے تھے۔
نفرت انگیز تقریر کی پاداش میں برطانوی قوانین کے تحت چھ ماہ سے تین سال قید ہو سکتی ہے۔
رواں سال جون میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے بانی ایم کیو ایم کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی الطاف حسین سے منی لانڈرنگ اور ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بھی تفتیش کی گئی تھی۔