کرکٹکھیل

نجم سیٹھی نے پی سی بی کے دفتری امور کے باعث آئی سی سی بورڈ میٹنگ چھوڑ دی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بورڈ کے دفتری امور کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ میٹنگ چھوڑ دی۔

نجم سیٹھی کو لاہور سے دبئی اور دبئی سے ڈبلن جانا تھا لیکن وہ دبئی میں امارات بورڈ سے کامیاب میٹنگ کے بعد اچانک لاہور آگئے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا اچانک نہیں ہوا ہے، پہلے سے طے تھا۔

اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈبلن میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ بورڈ میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکیں گے، ان کی جگہ اہم ترین اجلاس میں ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس جمعے سے شروع ہوگیا۔یہ اجلاس ہفتے کو بھی جاری رہے گا جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ دو اور تین جولائی کو ہوگی۔

نجم سیٹھی اجلاس میں شرکت کے لئے لاہور سے روانہ ہوئے تھے اور دبئی میں امارات بورڈ حکام سے میٹنگ کے بعد لاہور آگئے انہوں نے اجلاس میں اپنی جگہ سبحان احمد کو نامزد کیا ہے۔

جمعے کی شب جب نمائندہ جیو نیوز نے اس بارے میں نجم سیٹھی سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ میں نے اپنی جگہ سبحان احمد کو نامزد کیا ہے۔

اجلاس میں عام طور پر نجم سیٹھی سائیڈ لائن پر کئی میٹنگ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ میرا لاہور آنا زیادہ ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی بورڈ میٹنگ اور سالانہ جنرل باڈی میٹنگ کررہا ہے۔ان میٹنگز کے لئے بجٹ کی تیاری ہوچکی ہے لیکن اجلاسوں میں بجٹ پیش کرنے سے قبل میں انہیں خود دیکھنا چاہتا ہوں،پی سی بی کے ہر ڈپارٹمنٹ کے بجٹ کو دیکھنے کے لئے آدھا دن درکار ہوتا ہے اس لئے میں نے لاہور آنا ضروری سمجھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ لندن میں بھارتی بورڈ کے سلسلے میں میں نے اور سبحان نے اپنے وکلاء سے جولائی کے پہلے ہفتے میں میٹنگ رکھی ہوئی ہے اگر میں آئر لینڈ چلا جاتا تو مجھے تین دن بغیر کام کے لندن میں رکنا پڑتا۔میں لندن میں وکلاء سے میٹنگ کے لئے سات جولائی کو لندن جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے خلاف ہمارا کیس فیصلہ کن مرحلے میں ہے اس لئے بورڈ میٹنگ سے زیادہ اہم وکلاء سے میٹنگ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عام طور پر ہر ملک کے بورڈ کا سربراہ ہی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کرتا ہے تاہم غیر معمولی حالات کے باعث چیف ایگزیکٹیو ،چیئرمین کی نمائندگی کرتا ہے۔

آئی سی سی سالانہ میٹنگ کے ایجنڈے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی پر دیگر ملکوں سے سبحان احمد بات کریں گے۔

نجم سیٹھی نے دبئی میں تین دن قبل امارات کرکٹ بورڈ سے کامیاب مذاکرات کئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی تمام آئینی ذمے دارایاں پوری کرکے جولائی میں دو اہم میٹنگ انتخابات سے قبل بلانا چاہتا ہے۔

Back to top button