پاکستان

مشرف غدار نہیں ہوسکتے:ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی خصوصی عدالت سے سزا پر ردعمل میں کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کسی صورت بھی غدار نہیں ہو سکتے۔

اسلام آباد میں خصوصی عدالت نے سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کو غدار قراردیتے ہوئے سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔

اس صورتحال پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پرافواجِ پاکستان میں شدید غم وغصہ اور اضطراب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیس میں آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، خصوصی عدالت کی تشکیل کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور جنرل (ر) پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا بنیادی حق بھی نہیں دیا گیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی، کیس کو عجلت میں نمٹایا گیا ہے لہٰذا افواجِ پاکستان توقع کرتی ہیں کہ جنرل (ر)  پرویز مشرف کو آئین پاکستان کے تحت انصاف دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سنگین غداری کیس کی 6 سال میں 125 سے زائد سماعتیں ہوئیں اور پرویز مشرف پر 5 فریم چارج کیے گئے۔ سابق صدر پرویز مشرف پر آئین توڑنے، ججز کو نظربند کرنے، آئین میں غیر قانونی ترمیم کرنے، بطور آرمی چیف آئین معطل کرنے اور غیر آئینی پی سی او جاری کرنے کا چارج فریم کیا گیا۔

Back to top button