کرکٹکھیل

فخر زمان نے ریکارڈ بنانے پر کیا کہا؟ ڈبل سنچری کرنے کے بعد فخر زمان کی میڈیا سے پہلی گفتگو سامنے آ گئی

فخر زمان کے سامنے ریکارڈز کم پڑ گئے، پاکستان کے مایہ ناز اوپنر بلے باز فخر زمان جنہوں نے زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری سکور کی ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ پاکستان کی طرف سے پہلا بیٹسمین ہوں گا جو پہلی دفعہ ڈبل سنچری سکور کرے گا، فخر زمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ کے دوران میں سوچ رہا تھا کہ میں جتنا زیادہ سکور بنا سکوں اچھا ہے، کوشش کر رہا تھا کہ اپنی ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ

رنز بناؤں کیونکہ ابھی وکٹیں بہت پڑی ہیں لیکن جب میرا سکور 170 تک پہنچ گیا تو خیال آیا کہ 200 سکور کرنے چاہئیں اور مجھے پویلین سے بھی اشارے کیے جا رہے تھے کہ میں اپنے دو سو سکور پورے کروں۔ واضح رہے کہ فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے جبکہ فخر زمان اور امام الحق نے ایک روزہ میچ میں 304 رنز کی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک روزہ میچ میں 304رنز کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228رنز کا اوپننگ شراکت کا سابقہ ریکارڈ توڑا جبکہ کچھ ہی دیر بعد فخرزمان نے 150کا ہندسہ عبور کیا اور 287رنز کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 304رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم امام الحق 113رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان نے انتہائی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں اپنی نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کی طرف سے سعید انور کا 194رنز کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی، فخرزمان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا اعزاز محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228رنز کا تھا جو انہوں نے 2011ء میں زمبابوے کے ہی خلاف بنایا تھا جبکہ سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے تھرنگا اور جے سوریا کے پاس 286 رنز کا تھا جو انہوں نے 2006ء میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

Back to top button