شہبازشریف کا نوازشریف اور مریم کو بغیرمزاحمت گرفتارکرانے کا فیصلہ
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے نااہل سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور میں بغیر مزاحمت گرفتار کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اہم لیگی رہنماؤں نے نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کو پارٹی کے لئے نیک شگون قرار دیا ہے ۔انتہائی معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے قریبی اور لیگی رفقاء کے ساتھ نوازشریف کی آمد پر استقبال کے سلسلے میں اہم میٹنگ کی ہے جس میں متعدد سینئر لیگی رہنماؤں نے نوازشریف اور مریم نواز کو فوری گرفتار کرانے کا مشورہ دیا
تاکہ پارٹی پر قانون و آئین پر عملدرآمد کرنے کے تاثرات سامنے آئیں۔تاہم متعدد افراد نے شہبازشریف کو مشورہ دیا کہ نوازشریف اور مریم نواز کو جلوس اور ریلی کی صورت میں چند گھنٹے سفر کرنے دیا جائے تو آئندہ الیکشن میں ووٹر اور سپورٹرز پر گہرا اثر پڑے گا اور ہمدردی کا ووٹ پڑنے کا قوی امکان ہے لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے ہمدردی ووٹ کو ٹھکراتے ہوئے آئین و قانون کے پیرائے میں نوازشریف اور مریم کی فوری گرفتاری کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے حمزہ شہباز کو اسلام آباد اور خود لاہور میں رہنے کا پلان بنایا ہے اور لاہور ایئرپورٹ یا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارکنوں کی جانب سے ممکنہ مزاحمت کو روکنے میں اہم کردارادا کرنے کے ساتھ باپ بیٹی کو فوری قانون کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔