رنبیر کپور ’سنجو‘ میں سنجے دت کیسے بنے؟
بولی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ ریلیز بھی ہوگئی، اور اس نے باکس آفس پر شاندار بزنس بھی کرلیا۔ لیکن اس فلم کی ریلیز کے بعد سے جو بات سب سے زیادہ توجہ کا مرکز وہ فلم کے مرکزی اداکار رنبیر کپور کا کام تھا، جسے تجزیہ کاروں اور مداحوں دونوں نے بےحد پسند کیا۔ فلم میں رنبیر کپور سنجے دت کا کردار کرتے نظر آئے۔جہاں وہ خود کو سنجے دت سے زیادہ سنجے دت دکھانے میں کامیاب ہوئے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ رنبیر کپور کو فلم میں سنجے دت بنانا ہدایت
کار راج کمار ہیرانی کے لیے سب سے مشکل کام تھا؟ اور رنبیر کپور نے خود بھی اس کردار کو ادا کرنے میں کافی محنت کی۔’سنجو‘ نے لوگوں کو کتنا متاثر کیا؟ یاد رہے کہ جب راج کمار ہیرانی نے اعلان کیا تھا کہ وہ فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کو کاسٹ کررہے ہیں، تو سب سے زیادہ یہی سوالات سامنے آئے تھے کہ وہ سنجے جیسے اداکار کے لیے رنبیر کپور جیسے چاکلیٹی ہیرو کو کیوں کاسٹ کررہے ہیں؟ سنجو کے فلم ساز نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی، جس میں دکھایا گیا کہ راج کمار ہیرانی نے سنجو میں رنبیر کپور کو سنجے دت آخر بنایا کیسے؟ رنبیر کپور نے اس فلم میں سنجے دت کے بہت سے روپ پیش کیے، جن میں انہیں سنجے کے کیریئر کا آغاز، ان کا دبنگ انداز، جیل میں ان کا وقت اور جیل سے رہائی کے بعد کے روپ کو پیش کرنا تھا۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا کہ رنبیر کپور کو سنجے دت بنانے کے لیے میک اپ کا بھی استعمال کیا گیا، تاہم آرٹس سنجے کا روپ دکھانے میں ناکام رہے۔ تاہم بعدازاں کڑی محنت کے بعد رنبیر کپور سنجے کے تمام انداز کو اسکرین پر بخوبی پیش کرنے میں کامیاب ہوئے۔ رنبیر کپور نے سنجے دت نظر آنے کے لیے پہلی مرتبہ اپنی باڈی پر بھی کافی محنت کی۔ انہوں نے جم میں کئی روز گزارے جبکہ اپنی ڈائٹ بھی بالکل تبدیل کرلی۔ فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا نے یہ بھی بتایا کہ رنبیر صرف لکس میں ہی سنجے نظر نہیں آئے بلکہ ان کا انداز میں سنجے دت جیسا ہی رہا۔ یاد رہے کہ فلم ’سنجو‘ کو رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، اس فلم میں پریش راول، دیا مرزا، انوشکا شرما، سونم کپور، وکی کوشل، منیشا کوئرالا، بومن ایرانی اور جم سربھ نے اہم کردار ادا کیے۔ فلم نے اپنی ریلیز کے صرف ایک ہی ہفتے میں بھارتی باکس آفس پر 200 کروڑ ہندوستانی روپے کمالیے۔ اس فلم کو رنبیر کپور کے کیریئر کی سب سے بہترین پرفارمنس بھی قرار دیا گیا۔ تاہم کئی ریویوز میں فلم کو سنجے دت کی شخصیت کو مثبت پیش کرنے کی ایک کوشش بھی بتایا۔