پاکستان

جنرل قمر باجوا کی ملازمت میں توسیع پاکستان کے مفاد میں ہے: شاہ محمود قریشی

ملتان: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ملکی مفاد میں ہے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد مشاورت سے آگے بڑھیں گے، حکومت نے جو کچھ بھی کیا آئین میں رہتے ہوئے کیا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کابینہ سے مشاورت کی، مؤقف سنا، فیصلہ کیا آرمی چیف کی مد ت ملازمت میں توسیع ملکی مفاد میں ہے، وزیراعظم نے صورتحال کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا، عدالت نے نشاندہی کی کچھ ابہام ہے جس کو دور کرنا ضروری ہے، قانون سازی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے، امید ہے اپوزیشن قانون سازی میں ساتھ دے گی۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت سے مسائل اور خطے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، بھارت نے کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، مسئلہ کشمیر پر او آئی سی نے پاکستانی موقف کی تائید کی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں مساجد پر تالے لگے ہوئے ہیں، بابری مسجد کیس پر بھارتی عدالت کے فیصلے پر تشویش ہے، اس پر بھی او آئی سی نے ہمارے موقف کی تائید کی، پاک افواج بھارت کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

Back to top button