کھیل

بھارت کا پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے انکار

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان میں رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے صاف لفظوں میں انکار کردیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بھارت کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہ آنے کی خبر دی تھی۔

پاکستان کو رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا ہے جو کہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی میزبانی اور اس کے حقوق پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن ایونٹ کا انعقاد کسی نیوٹرل وینیو پر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم پاکستان  جا نہیں سکتی تاہم اے سی سی اے بھارت کے بغیر پاکستان میں ایشیا کپ کرانے کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ الگ بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بلو شرٹس نے شرکت کی تو ایونٹ کسی نیوٹرل وینیو پر ہی ہوگا، یہ آپشن پہلے بھی استعمال کیا جاچکا۔

بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ 2018 میں بھارت نے اپنے میزبانی حقوق برقرار رکھے لیکن مقابلوں کا انعقاد یو اے ای میں کیا، اس میں پاکستان ٹیم نے بھی شرکت کی، اب بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل بھارت میں کرکٹ سے متعلق معاملات پر نظر رکھنے والے ادارے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل سے ایشیا کپ 2020 کا مقام بدلنے کا مطالبہ کیا تھا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوا تو بھارت شرکت نہیں کرے گا، پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے بجائے کہیں اور کرے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا کہ اگر ہاکستان ایونٹ کی میزبانی پہلے کی طرح متحدہ عرب امارات میں کرے تو بھارت اپنی ٹیم بھیجے گا۔

Back to top button