ٹیکنالوجی

اور سیاروں کی بجائے پہلے زمین پر توجہ دی جائے

سوئزرلینڈ :  نوبل انعام کا اعزاز پانے والے سوئزرلینڈ کے ماہرِ فلکی طبعیات ڈاکٹر ڈیڈیئر کولیز نے کہا ہے کہ انسانیت کو دیگر سیارے بسانے سے قبل پہلے اپنے گھر یعنی زمین کی فکرکرنی چاہیے۔

 تفصیلات کے مطابق اسٹاک ہوم میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ڈیڈیئر کولیز نے کہا کہ ہمیں اس طرح تخلیق نہیں کیا گیا کہ ہم دوسرے سیاروں پر جی سکیں اور یہی بہتر یہی  ہے کہ ہم اپنا وقت اور توانائی اسے (کرہِ ارض) کو درست کرنے میں صرف کریں۔

ان کا  کہنا کہ ستارے اور سیارے ہم سے  بہت دور ہیں اسی بنا پر جلد ہی زمین کو خیرباد کہنے کی کوئی سنجیدہ امید نہیں ہو سکتی  ، ہمیں زمین پر موجود آب وہوا میں تبدیلی کے مسائل کو دور کرنا ہے نہ کہ زمین سے فرار ہو کر دوردراز خیالی دنیاؤں پر جانے کی کوشش کی جائے ۔

 مشہور سائنسداں نے  اس ضمن میں  ایک دوسرے مشہور سائنس داں اسٹیفن ہاکنگ کا بھی حوالہ دیا جو زمین چھوڑنے کے متعلق کہتے رہے ہیں۔اسٹیفن ہاکنگ نے 2017ء میں کہا تھا کہ ایٹمی جنگ اور ماحولیاتی تباہی سے انسان آخرکار اپنی بقا کے لیے دیگر سیاروں کا رخ کرے گا ۔

اس موقع پر کانفرنس میں  موجود دیگر نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں نے بھی ڈیڈیئر کی تائید کی اور انہوں نے بھی  کرہ ارض کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حقیقت پسندانہ اقدمات پر زور دیا۔

یاد رہے کہ  ڈیڈیئر کولیز کو دیگر ستاروں کے گرد سیاروں کی تلاش پر اس سال فزکس کا نوبل انعام دیا گیا ہے۔

Back to top button