لاہور: جے یو آئی ف کی جانب سے لاہور کو لاک ڈاون کرنے کا اعلان، جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے پلان بی کے تحت 24 نومبر کو لاہور میں بڑا دھرنا دینے کا اعلان، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قیادت شرکت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھرنا ختم ہونے کے بعد اب لاہور کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے پلان بی کے تحت 24 نومبر کو لاہور میں بڑا دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جے یو آئی ف کے لاہور دھرنا میں مولانا فضل الرحمانسمیت جماعت کے تمام سینیئر رہنما شرکت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور دھرنے کے سلسلے میں لاہور، ساہیوال، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے کارکن شرکت کریں گے۔
دھرنا نماز ظہر سے نماز مغرب تک جاری رہے گا۔ دھرنا شاہدرہ یا ٹھوکر نیاز بیگ میں ہوگا۔ جے یو آئی ف کی جانب سے دھرنا لاہور کے ایسے مقام پر دیا جائے گا جس سے پورے شہر کی ٹریفک اور نظام زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں اہم شاہراہوں پر دھرنوں کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری ہے۔ جعمیت علماء اسلام (ف) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے اپنے پلان بی کے تحت بلوچستان کی دو اہم قومی شاہراہوں کوئٹہ چمن اور کوئٹہ ژوب شاہراہوں پر دھرنا دے کر سڑکوں کوآمدورفت کےلئے بند کردیا گیا جس کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سپلائی روٹ بند ہو گیا۔ اس کے علاوہ کراچی، بنوں ،مالا کنڈ، مانسہرہ،جیکب آباد، کشمور ،کندھ کوٹ،گھوٹکی میں بھی جے یو آئی کی جانب سے اہم شاہراہوں پر دھرنا دے کر گاڑیوں کی آمدو رفت بند کی گئی ہے۔ اب بتایا گیا ہے مولانا فضل الرحمان اپنے پلان بی کو مزید توسیع دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔