پشاور: خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول نہ دینے کی پابندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر نے جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ٹریفک پولیس کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پیٹرول پمپ مالکان کو حکم جاری کیا گیا کہ وہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو پیٹرول فروخت نہ کریں، حکم نامے کی خلاف ورزی پر پیٹرول پمپ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس لاہور ہائی کورٹ نے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول فراہم کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے احکامات جاری کیے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی موٹر سائیکل بند کر دی جائے۔
ہیلمٹ پہننے کے پانچ اہم فوائد
ہیلمٹ پہننے سے موٹرسائیکل سوار خود کو محفوظ سمجھتا ہے اور اُس کی زندگی خوفناک حادثات سے متاثر نہیں ہوتی۔
انسان زندگی کے لئے چہرہ اور سر بہت اہمیت رکھتاہے، سر پر چھوٹی سی چوٹ انسان کی موت کا باعث بن سکتی، اس لئے ہیلمٹ پہننے سے کسی بھی حادثے میں سر اور آنکھیں محفوظ رہتی ہیں۔
ہیلمٹ دھوپ، دھول، مٹی سے محفوظ رکھتا ہے۔
ہیلمٹ پہننے سے نہ صرف چہرہ محفوظ رہتا ہے بلکہ شناخت بھی چھپی رہتی ہے۔
ہیلمٹ پہننے سے موٹرسائیکل سوار کا چہرہ تازہ اور گرد آلود سے محفوظ رہتا ہے جس سے رائیڈر کو تھکاوٹ نہیں ہوتی۔