اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے گیس کی قیمتوں میں ردبدل کے فیصلے کے مطابق 200سے 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے جبکہ 300زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس مہنگی کر دی گئی ہے۔
اوگرا نے گھریلو صارفین کیلئے گیس 214 فیصد تک مہنگی کرنے کا فیصلہ دیدیا ہے۔حکام کے مطابق روٹی تندور صارفین کیلئے گیس 245 فیصد تک مہنگی کی گئی ہے جبکہ کمرشل صارفین،سی این جی سیکٹر کیلئے گیس 31 فیصد اور فرٹیلائزر سیکٹر کے لئے گیس 153 فیصد تک مہنگی کر دی گئی ہے۔
اوگرا نے گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020سے کیا جائے۔گھریلو صارفین کیلئے 50 یونٹ تک کا گیس ریٹ121 سے بڑھا کر 380روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو جائے گا جبکہ ماہانہ 100یونٹ والے صارفین کیلئے ریٹ300 سے بڑھا کر 353روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو جائے گا۔
دوسری جانب ماہانہ 200سے 300 یونٹ والے صارفین کے لئے گیس سستی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ماہانہ 200یونٹ والوں کیلئے گیس 553روپے سے کم کرکے 530 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو جائے گی جبکہ ماہانہ 300یونٹ والے صارفین کے لیے گیس 738روپے سے کم کرکے 706 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوجائے گی اور ماہانہ 400 یونٹ والے صارفین کیلئے گیس1107 روپے سے بڑھا کر 1273روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گی۔