Site icon Daira Din Panah – City Portal

کورونا کی دوسری لہر: شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

www.ddpcity.com

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) نے کورونا سے بچاؤ کے لیے اہم فیصلے کرلیے جس کے مطابق رات 10 بجے تک تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، اور شادی ہالز بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شادی ہالز کیلئے رات 10 بجے تک کا وقت پہلے ہی مقرر ہے اور اب ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز بھی رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے۔

این سی او سی کے مطابق ضروری سروسز، میڈیکل اسٹورز،کلینکس اور اسپتال معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارکس بھی شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔ ان فیصلوں کا اطلاق 29 اکتوبر سے ہوگا۔

اجلاس میں کل سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ  ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ڈھائی سے پونے تین فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

Exit mobile version