Site icon Daira Din Panah – City Portal

پہلی ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس ۲۰۲۰ مورخہ ۱۵ اپریل کو کراچی میں ہوگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی حب بنانے اور آئی ٹی انڈسٹری میں نئی ملازمتیں پیداکرنے کے حکومتی وژن کے سلسلے میں پہلی ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس 15 اپریل 2020 کو کراچی میں منعقد ہو گی،

کانفرنس میں آئی ٹی کمپنیاں، اکیڈیمیا اور ماہرین شرکت کریں گے۔ یہ اعلان پہلی ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس کے ایڈوائزری بورڈ کے اراکین نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی بی اے، سی آئی سی ٹی کانفرنس کا اکیڈیمیا پارٹنراور آئی ساکا کراچی چیپٹر سپورٹنگ باڈی ہے،

کانفرنس کے دیگر سپورٹرز میں اسمارٹ اسٹریم، انفراسول، ڈیل، ڈیل سنز ایسوسی ایٹس اور دیگر سرکاری و نجی ادارے شامل ہیں۔ پریس کانفرنس سے AMFCO ٹیکنالوجیز کے سی ای او معروف ایوب، سی ای او وائپر ٹیکنالوجی خوشنود آفتاب، چیئرمین ڈیل سنز ایسوسی ایٹس امین ابراہیم، صدر آئی ساکا کراچی و جنرل منیجر، ہیڈ آف آئی ٹی آڈٹ حبیب بینک لمیٹڈ حسین حسن علی، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ انفراسول رحیم احمد، کنسلٹنٹ نفٹ حیدر دیوجیانی اور ڈائریکٹر پروجیکٹ ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس سکینہ سیف الدین نے خطاب کیا،

مقررین نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیاں، اکیڈیمیا اور ماہرین حکومتی وژن کی معاونت کے لیے تیار ہیں اور چاہتی ہیں کہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری ترقی کرے، اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ معروف ایوب نے کہا کہ وہ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں،

اگرچہ ہم دنیا کے دیگر ممالک سے آئی ٹی انڈسٹری میں بہت پیچھے ہیں تاہم اب پاکستان صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ دنیا بھر میں ڈیجیٹل اکانومی تیزی سے ترقی کرتا ہوا شعبہ ہے جس نے انسانی زندگی میں انقلاب برپا کر دیا ہے،

ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس ملک بھر سے تمام اسٹیک ہولڈرز، آئی ٹی ماہرین، اکیڈیمیا، سرکاری و نجی حکام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرے گی جس سے نوجوانوں کو نا صرف روزگار بلکہ معیشت کو آگے بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی سے لاکھوں ملازمتیں پیدا ہوں گی اور اس سے پاکستان ایکسپورٹ سیکٹر میں قابل فخر کردار ادا کر سکتا ہے،

سی ای او وائپر ٹیکنالوجی خوشنود آفتاب نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس پاکستان کے ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں مدد دے گا۔ آئی ٹی ایسی فیلڈ ہے جس سے لوگ گھر بیٹھے ملازمت کرسکتے ہیں، ایکسپورٹ کر سکتے ہیں،

فارن ایکس چینج کما سکتے ہیں۔ چیئرمین ڈیل سنز ایسوسی ایٹس امین ابراہیم نے کہا کہ حکومت اب آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے سنجیدہ نظرآرہی ہے، تمام انڈسٹری ماہرین اسے خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ آئی ساکا کراچی کے صدر و جنرل منیجر، ہیڈ آف آئی ٹی آڈٹ، حبیب بینک لمیٹڈ حسین حسن علی نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Visit Website

Exit mobile version