حمزہ علی عباسی کی فلم ’’پرواز ہے جنون‘‘ عیدالفطر پر ریلیز نہیں کی جارہی۔مومنہ اینڈ درید فلمز کی یہ فلم جو کہ عید الفطر پر ریلیز ہونی تھی، اب التوا کا شکار ہوگئی ہے اور امکان ہے کہ عیدالاضحیٰ پر اسے ریلیز کیا جائے گا۔فلم کی پروڈیوسر مومنہ درید نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا عید پر 6 فلمیں ریلیز ہورہی ہیں اور اس وقت ہماری انڈسٹری اتنی مضبوط نہیں کہ ایک ساتھ بہت زیادہ فلمز کی ریلیز کو سپورٹ کرسکے۔ ان کا کہنا تھایہ وجہ تمام پروڈیوسرز کے لیے باعث تشویش ہے، کیونکہ اس سے فلموں کو اکھٹا
ریلیز ہونے کے باوجود بریک نہیں مل پاتا، یعنی اسکرینز اور شوز کی دستیابی کے نمبر کم ہوجاتے ہیں۔اس فلم میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، کبریٰ خان اور احد رضا میر اہم کرداروں میں نظر آئیں گے اور یہ پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی جارہی ہے۔مومنہ درید کے مطابق ‘ انڈسٹری کے مفاد کے لیے ایم اینڈ ڈی فلمز نے اپنی فلم کو عید کے مقابلے سے نکالنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ یہ فلم شیڈول کے مطابق تھیٹرز میں دکھائے جانے کے لیے تیار ہے۔ مگر ہمیں لگا کہ موجودہ پس منظر کو دیکھتے ہوئے یہ درست فیصلہ ہے، اس انڈسٹری کے رکن کی حیثیت سے ہمیں ذاتی ایجنڈے کو ایک طرف رکھ کر ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہئے۔اب ’’پرواز ہے جنون‘’ رواں برس عید الاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔