پاکستان کے بڑے شہرمیں دہشت گردی کا خطرہ ، خود کش بمبار کے ہمراہ دہشت گرد شہر میں داخل ،حساس عمارتوں، غیرملکی باشندوں ،سرکاری افسران کو نشانہ بنا یاجاسکتاہے، تھریٹ الرٹ جاری،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب ہوم سیکرٹری پنجاب ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجے گئے تھریٹ الرٹ میںدہشت گردی کے خطرے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ نیکٹا کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا
گیا ہے کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کے ذیلی ونگ نے لاہور میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے اور خودکش بمبار کے ہمراہ دہشت گرد لاہور میں داخل ہو چکے ہیں جو کہ حساس عمارتوں، غیرملکی باشندوں اور سرکاری افسران کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ مراسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی خطرے کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کریں۔ذرائع کے مطابق تھریٹ لیٹر کے بعد پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔