امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے امریکی صدر کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے فوجی انخلا سمیت دیگر اہم ایشو پر پاکستان کو اعتماد میں نہ لینا امریکا کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ریببلکن پارٹی کے سینیر عہدے دارے اور سینیٹر لنزے اولن گراہم نے کہا کہ جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلیفون کیوں نہ کیا ۔
انکا کہنا تھا کہ یہ جان کر شدید حیرت ہوئی ہے کہ صدر بائیڈن نے ابھی تک امریکا پاکستان تعلقات اور افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ ہم کیسے یہ توقع کر سکتے ہیں کہ پاکستان سے بات چیت کے بغیر افغانستان سے ہماری واپسی مؤثرثابت ہوگی۔ بائیڈن انتظامیہ کو واضح طور پر یہ لگتا ہے کہ افغانستان میں ہمارے مسائل حل ہوچکے ہیں۔
امریکی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ افغانستان سے تمام افواج نکالنے اور اس حوالے سے پاکستان سے رابطہ نہ کرنے کا بائیڈن انتظامیہ کا فیصلہ بہت بڑی تباہی ثابت ہوگا یہاں تک کہ یہ عراق میں کی جانے والی غلطی سے بھی بڑی غلطی ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم سینیٹ جوڈیشری کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ وہ پاک امریکا تعلقات کو خطے میں امن و سیکیورٹی کے حوالے سے اہم سمجھتے ہیں اور پاک امریکا بہتر تعلقات کے زبردست حامی ہیں۔ لنزے گراہم سابق صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی ہیں۔