پاکستانٹیکنالوجی

پاکستان نے پہلے ملکی ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

اسلام آباد: اس سال جون میں چین کی سرزمین سے بھیجے جانے والے پاکستان کے دو اہم مصنوعی سیارچوں (سیٹلائٹس) کو مدار میں بھیجا گیا تھا اب یہ دونوں سیٹلائٹس مکمل طور پر آپریشنل ہوگئے ہیں اور ان کے انتظامات پاکستان کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان کے پہلے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ ’پی آر ایس ایس ون‘ اور اس کے ساتھ ایک چھوٹے سیٹلائٹ ’پاک ٹی ای ایس ون اے‘ کو چینی راکٹ کے ذریعے مدار میں بھیجا گیا تھا۔ ان میں سے موخر الذکر سیٹلائٹ کو پاکستان کے ماہرین، سائنس دانوں اور انجینئرز نے تیار کیا تھا۔

یہ دونوں سیٹلائٹ 9 جون 2018ء کو چین کے جائی قوان سیٹلائٹ مرکز سے خلا میں بھیجے گئے تھے۔

وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات کی جانب سے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں سیارچوں کو مدار میں کامیاب ٹیسٹ سے گزارنے کے بعد ان کے کنٹرول پاکستان کو تفویض کردیئے گئے ہیں جنہیں پاکستان کے زمینی اسٹیشنوں سے کنٹرول کیا جائے گا۔

ان میں سے پاک ٹی ای ایس ون اے سیٹلائٹ کو مکمل طور پر پاکستانی ماہرین اور انجینئرز نے تیار کیا ہے جس میں زمینی معلومات کی رسائی اور تحقیق کے لیے اہم آلات نصب ہیں جبکہ دوسرا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ زمینی مشاہدے، وسائل کی تحقیق اور قدرتی ماحول پر نظر رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

Back to top button