آسٹریلیا میں پاکستانی کھلاڑیوں اور بھارتی ٹیکسی ڈرائیور کے بڑے پن اور مہمان نوازی نے سب کے دل جیت لیے۔
قومی کرکٹ ٹیم اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہے ، گذشتہ دنوں برسبین میں قیام کے دوران پاکستانی کھلاڑی یاسر شاہ،شاہین آفریدی،عمران خان، نسیم شاہ اور موسیٰ خان کھانا کھانے کے لیے مقامی ریسٹورنٹ جارہے تھے کہ انہیں ایک بھارتی سکھ ٹیکسی ڈرائیور ملا۔
بھارتی ڈرائیور کرکٹرز کو ایک ریسٹورنٹ لے گیا تاہم اس نے خوش دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے کرایہ لینے سے انکارکردیا۔
ڈرائیور کے انکار پر پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنی روایتی مہمان نواز کا حق ادا کرتے ہوئے اسے اصرار کرکے کھانے پر روک لیا اور اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
بھارتی سکھ ڈرائیور کی پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ کھانا کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں اور صارفین نے اس خوبصورت واقعے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے بتایا کہ جب وہ لوگ کھانے کے لیے نکلے تو ٹیکسی ڈرائیور کو کہا کہ ہمیں کسی پاکستانی یا انڈین ریسٹورنٹ میں لے جائے، ٹیکسی ڈرائیو ہمیں پہچان گیا اور ہم سے کرایہ نہیں لیا تو ہم نے بھی اسے اپنے ساتھ کھانے کی عوت دے ڈالی۔