پاکستان کے یوم آزادی پر پولینڈ کی شہری لڑکی نے پاکستانی پرچم پہن کر پی آئی اے کے طیارے میں رقص کیا جس کا چیئرمین نیب نے ’سخت نوٹس‘ لے لیا ہے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ تاہم اب پی آئی اے کو مشکل میں ڈالنے والی یہ لڑکی خود ہی میدان میں آ گئی ہے اور ایک انتہائی شاندار اعلان کر دیا ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس لڑکی کا نام ’ایوا زو بیک‘ (Eva zu Beck)ہے، وہ بنیادی طور پر پولینڈ اور انگلینڈ کی شہری ہے تاہم وہ ایک گلوبل سٹیزن ہے اور ملکوں ملکوں گھومتی رہتی ہے۔ ان دنوں وہ پاکستان میں موجود ہے اور یہاں کے سیاحتی مقامات کی سیر کر رہی ہے۔
اس کی رقص کی ویڈیو پر جب چیئرمین نیب نے نوٹس لیا اور بات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کر دی ہے، جس میں اس نے کہا ہے کہ ’’اس ویڈیو پر میرے فالوورز کی طرف سے مجھے بے تحاشا مثبت پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں۔ اس ویڈیو کا مقصد پاکستان کی سیاحت و ثقافت کی تشہیر کرنا تھا تاہم اگر اس سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔ میں پاکستان سے محبت کرتی ہوں اور پوری دنیا میں اس کے کلچر اور سیاحت کی تشہیر کرتی رہوں گی۔‘‘