ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق کے بعد اب نگراں وفاقی کابینہ پر بھی مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ وزیراعظم اور خورشید شاہ کے درمیان پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی نگراں وزرات اعلیٰ پر بھی مشاورت شروع ہوگئی ہے، ن لیگ نے پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے بھی پیپلزپارٹی سے رائے مانگی ہے۔
نگراں وزیراعظم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے سوال کیا گیاکہ کیا نگراں وزیراعظم چھوٹے صوبوں سے ہوگا؟ اس پر خورشید شاہ نے کہاکہ صوبے کا بتا دیا تو باقی کیا بچے گا۔
اپوزیشن لیڈر سے سوال کیا گیاکہ نگراں وزیراعظم کوئی خاتون ہوگی یا مرد ہوگا؟ اس پر خورشید شاہ نے جواب دیاکہ نگراں وزیراعظم کے لیے جنس کی پابندی نہیں دونوں ہوسکتے ہیں۔
سوال کیا گیاکہ نگراں وزیراعظم کیلیے میڈیا پر جو نام چل رہے ہیں کیا ان میں کوئی نام ہے؟ اس پر اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ ضروری نہیں کہ جو نام فائنل ہورہا ہے اس کا میڈیا پربھی چرچا ہو۔
نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا کہناتھاکہ ہماری کوشش ہے کہ متفقہ طور پر غیرمتنازع شخص کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے، منگل کو وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان کروں گا۔