اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت، نواز شریف اور مریم نواز کے بیانات قلمبند نہ کئے جا سکے، سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آج ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے بیانات قلمبند نہ ہو سکے اور سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی ۔ دوران سماعت ملزمان کو دیئے گئے سوالنامے پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض اٹھایا ، خواجہ حارث نے کہا کہ کچھ سوالوں کی سمجھ نہیں آرہی، درستگی
کرنی ہے۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ آخری موقع دے رہے ہیں ،پیر کو ملزمان کے بیانات قلمبند ہوں گے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت پیر کے بجائے منگل کو ہوگی اور استغاثہ کے گواہ واجد ضیا منگل کو پیش ہوں گے اور ان پر جرح کی جائے گی ۔