جیسے جیسے دن گزر رہے ہیں سردی میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اس ٹھنڈے موسم میں ہر کوئی کھانسی، نزلہ و زکام جیسی بیماریوں سے پریشان ہے۔
سردی میں ہمیں اس لیے زیادہ انفیکشنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیوں کہ ہماری ڈائیٹ اس موسم کے حساب سے شاید غذائیت سے بھرپور نہیں ہوتی۔
متعدد ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ اس موسم میں اپنی ڈائیٹ میں کھجور شامل کرنا مثبت ثابت ہوتا ہے۔ تاہم صرف میٹھے پکوان میں کھجور کا استعمال کرنے کے بجائے اسے دوسرے طریقوں سے بھی کھانا سیکھیں۔
کھجور غذائیت سے بھرپور ہے، جس کے صحت پر کئی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، پھر چاہے نظام ہاضمہ کے مسائل ہوں، دل کی صحت یا پھر ذیابطیس کا مسئلہ ہو
تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ کھجور اس موسم میں سردی، نزلہ زکام جیسی بیماریوں میں بھی مؤثر ہے؟
کھجور میں وٹامن سی، بی ون، بی ٹو، بی تھری، بی فائیو اور اے ون جیسے وٹامنز موجود ہوتے ہیں۔
وٹامن سی ہمارے جسم کو متعدد انفیکشنز سے محفوظ رکھ سکتا ہے جن میں نزلہ و زکام جیسی بیماریاں شامل ہیں۔
کھجور اور دودھ کا مشروب ایسی بیماریوں سے نجات کا سب سے بڑا حل بھی ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ اس میں وٹامنز کے ساتھ فائبر بھی موجود ہوتا ہے۔
اجزاء:
دودھ – 2 کپ
کھجور – کٹی ہوئی آدھا کپ
بادام – ڈیڑھ کھانے کا چمچ
دار چینی پاؤڈر – آدھا چائے کا چمچ
چینی – حسب ذائقہ
ترکیب:
کھجور کو 40 منٹ کے لیے آدھا کپ دودھ میں رکھیں، بعدازاں ان کھجور اور دودھ کو بلینڈر میں ڈالیں، جس کے ساتھ بادام بھی شامل کریں۔
جس کے بعد انہیں اچھی طرح بلینڈ کرنے کے بعد اسے الگ رکھ دیں، ایک پتیلی میں رکھا ہوا دودھ ابالیں اور اس میں بلینڈ کیے گئے کھجور شامل کریں، دار چینی پاؤڈر اور چینی ڈال کر 5 منٹ تک اچھی طرح پکائیں۔
کھجور کے اس مشروب کو گرم گرم پئیں تاکہ کھانسی میں واضح فرق محسوس ہو۔