Site icon Daira Din Panah – City Portal

ملکہ میکسیما کون ہیں اور پاکستان کیوں آرہی ہیں؟

اسلام آباد: نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے ملاقات کرنے کے علاوہ سٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

ملکہ میکسیما کا تعلق ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس سے ہے، جہاں وہ پیدا ہوئیں اور پلی بڑھیں۔ شاہی خاندانوں کے معاملات پر گہری نظر رکھنے والی ملکہ میکسیما نے 1995 میں پونٹیفکل کیتھولک یونیورسٹی آف ارجنٹینا سے معاشیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور پھر امریکہ میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کی۔میکسیما کی اپنے شوہر ولم الیگزینڈر سے ملاقات 1999 میں سپین میں ہوئی۔ دونوں کی شادی دو فروری 2002 کو ایمسٹرڈیم میں ہوئی اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔

ملکہ میکسیما کے والدین شادی میں شریک نہیں ہوئے کیوں کہ نیدرلینڈ میں اس بات پر تشویش پائی جاتی ہے کہ ان کے والد جارج زوریگیٹا ارجنٹائن میں 1970 اور 1980 کی دہائی میں آمر حکومت کے دور میں اُس کابینہ کا حصہ رہے، جس کے دوران ہزاروں حریفوں کا قتل ہوا یا وہ لاپتہ ہوئے۔میکسیما 2013 میں اُس وقت نیدرلینڈ کی ملکہ بنیں، جب ان کے شوہر کی والدہ ملکہ بیٹرکس نے اپنے بیٹے کے حق میں تخت چھوڑ دیا۔

وہ کئی سالوں سے نیدرلینڈ میں تارکینِ وطن کی فلاح و بہبود اور ملک میں بحالی کے کام سے منسلک ہیں۔2009 میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے انہیں ترقی میں اجتماعی معاونت کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ مقرر کیا۔ یہ ملکہ میکسیما کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ 2016 میں پاکستان آئی تھیں۔

Exit mobile version