سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مشرف کو میں نے نہیں عدالت نے جانے دیا‘ آصف زرداری جانتے ہیں ان کے ساتھ کون سی شخصیت آئی،یہ نوبت بھی آنی تھی کہ بیٹی کو مقدمات میں گھسیٹا گیا اور جنہوں نے یہ روایت شروع کی ہے انہیں یہ سودا مہنگا پڑے گا۔ جمعرات کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آہستہ آہستہ ہمارے موقف کی سب تصدیق کریں گے۔ آصف زرداری جانتے ہیں ان کے ساتھ کون سی شخصیت آئی۔ مشرف کو میں نے نہیں عدالت
نے جانے دیا۔ صحافی نے سوال کیا جاتے جاتے چوہدری نثار سے متعلق بات کریں گے۔ نواز شریف نے جواب دیا جاتے جاتے ایسے سوال نہیں پوچھتے۔ انہوں نے کہا چاہتے ہیں کہ ملک میں حقیقی جمہوریت ہو تو سب کھڑے ہوں، سب کو حق کے لئے کھڑا ہونا ہوگا۔نواز شریف نے کہا کہ ہم نے دنیا میں اپنا مذاق بنایا ہوا ہے، جنہوں نے میرے خلاف مہم چلائی ان سے پوچھیں وہ کیا چاہتے ہیں۔ بیٹی کا دور دور سے سیاست سے تعلق نہیں تھا لیکن یہ نوبت بھی آنی تھی کہ بیٹی کو مقدمات میں گھسیٹا گیا، باپ کی آنکھوں کے سامنے بیٹی کٹہرے میں جا کر مقدمہ بھگت رہی ہے، بیٹی کا دور دور سے اس کیس سے واسطہ نہیں، جس زمانے کا مقدمہ بھگت رہے ہیں اس زمانے سے مریم کا تعلق نہیں، گلف اسٹیل سے متعلق مریم سے پوچھ رہے ہیں وہ اس وقت ایک سال کی تھی۔ یہ اوچھی روایت ڈالی گئی ہے ، جنہوں نے یہ روایت شروع کی ہے انہیں یہ سودا مہنگا پڑے گا۔