متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی آئل ریفائنری کے منصوبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات رواں سال کے اختتام میں پاکستان میں آئل ریفائنری کے منصوبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ حالیہ انٹرویو میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ ہم حب میں ریفائنزی کے منصوبے میں بہت جلد بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ ابو ظہبی کی مبادلہ پیٹرولیم کمپنی، پاک عرب ریفائنزی لمیٹڈ( پارکو ) اور او ایم وی ( او ایم وی پاکستان ایکسپلوریشن جیسلشافٹ ) کے درمیان 5 ارب ڈاکر کی سرمایہ کاری ہوگی۔
یہ منصوبہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلق کی مضبوطی کو ظاہر کرے گا کہ کس طریقے سے متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری اور اس کے مستقبل پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چند ماہ قبل دورہ پاکستان کے دوران مبادلہ پیٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو افسر کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے وفد نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کی تھی وہ اس منصوبے پر تفصیلی گفتگو کرچکے ہیں، ہم بہت جلد اسے شروع کرنے والے ہیں۔ خیال رہے کہ پارکو کوسٹل ریفائنری پاکستان میں متحدہ عرب کی سب سے بڑی سرمایہ کاری میں سے ایک ہے۔ اسے پاکستان میں مئی 1974ء میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر لایا گیا اور آج پارکو پاکستان کی تیل ترسیل اور رسد کے لیے بہت اہم مانی جاتی ہے۔ دوسری جانب مبادلہ پیٹرولیم متحدہ عرب امارات میں ایک بین الاقوامی تیل اور گیس کی کمپنی ہے۔ یاد رہےکہ اس سے قبل گذشتہ برس سعودی عرب نے بھی پاکستان میں آئل ریفائنری لگانے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے پاکستانی وزیر پٹرولیم سرور خان نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں گوادر کی بندرگاہ کے قریب ایک آئل ریفائنری تعمیر کرے گا۔