کیلی فورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک)سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ ”فیس بک “ نے اپنے ”ٹرینڈنگ ٹاپک“ فیچر کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ فیچر سب سے زیادہ ڈسکس کیے جانے والے موضوعات کے بارے میں بتاتا ہے۔ فیس بک نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اگلے ہفتے سے اس فیچر کو ختم کیا جارہا ہے۔ یہ فیچر 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا۔اس فیچر کو لانچ کرتے ہوئے دعویٰ کیاگیا تھاکہ یہ صارفین کو سب سے زیادہ مقبول موضوعات کو دیکھنے میں مدد دے گا۔ فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ نے اس
فیچر کو ”پرسنل نیوز پیپر“ کا نام دیا تھا۔ اب فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ فیچر کافی پرانا ہوگیا ہے اور اسے اتنا زیادہ استعمال بھی نہیں کیا جاتا۔ اس کو ختم کرنے کی ایک اہم وجہ اس کا کئی سکینڈل، جیسے انتخابات میں دھاندلی، کی وجہ ہونا بھی ہے۔ شروع میں اس فیچر کو صحافی کنٹرول کرتے تھے لیکن 2016 سے اسے خودکار سسٹم اور الگورتھم سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد سے ہی یہ فیچر مختلف سازشی نظریات اور تنازعات کی وجہ بن گیا۔