بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم’’ سنجو‘‘ نے کامیابی کا سفر جاری رکھتے ہوئے 300 کروڑ روپے کا بزنس کرکے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔بالی ووڈ انڈسٹری پر تہلکہ مچانے والی سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ ان دنوں کامیابی کے سفر پر گامزن ہے اور اب تک متعدد ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہے جب کہ اب ’سنجو‘ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ 16ویں روز 300 کروڑ کے کلب میں شامل ہونے والی رنبیر کی واحد فلم
بن گئی ہے اور یہ فلم 2018 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔بھارتی تجزیہ کار ترن ادارش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’سنجو‘کے نئے ریکارڈ سے متعلق بتایا کہ فلم ’سنجو‘ تین ہفتوں میں 300 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرکے بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں کے مدمقابل آگئی ہے۔بالی ووڈ میں اس سے قبل 300 کروڑ کے کلب میں شامل ہونے والی فلموں میں سلمان خان کی ’ بجرنگی بھائی جان‘، ’سلطان‘، ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور عامر خان کی ’پی کے‘ جیسی مشہور فلمیں شامل ہیں۔