سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف تفصیلی آنے کے بعد اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ تفصیلی فیصلے سے وہ خدشات درست ثابت ہوگئے جن کا پہلے اظہار کیا تھا، ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کیخلاف سنایا جانے والا فیصلہ خاص طور پر اس میں استعمال ہونے والے الفاظ انسانیت، مذہب، تہذیب اور اقدار سے بالاتر ہیں۔
ڈی جی آئی پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان صرف ایک ادارہ نہیں خاندان ہے، ہم عوام کی افواج ہیں اور جذبہ ایمانی کے بعد عوام کی حمایت سے مضبوط ہیں ،ہم ملک کا دفاع بھی جانتے ہیں اور ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع بھی بہت اچھی طرح جانتے ہیں لیکن ہمارے لئے ملک پہلے ہے اور ادارہ بعد میں ہے، اگر آج ملک کو ادارے کی قربانیوں، کارکردگی اور ہماری یکجہتی کی ضرورت ہے تو ہم دشمن کے ڈیزائن میں آ کر ان چیزوں کو خراب نہیں ہونے دیں گے اور انشاءاللہ ملک کی عزت اور وقار کیساتھ ساتھ ادارے کی عزت و وقار کا بھی بھرپور دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب سے کچھ دیر پہلے آرمی چیف کی وزیراعظم پاکستان سے تفصیلی بات چیت ہوئی اس میں کیا فیصلے ہوئے اس سے حکومت تھوڑے عرصے میں آگاہ کرے گی۔
میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ افواج پاکستان پر اپنا اعتماد رکھیں، ہم ملک میں کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے اور ایسا کرتے ہوئے اپنے ادارے کی عزت اور وقار کو ملک کی عزت اور وقار کیساتھ قائم رکھیں گے اور انشاءاللہ جتنے بھی دشمن ہیں، خواہ وہ اندرونی ہیں یا بیرونی ہیں، ان کے آلہ کار ہیں انہیں ہم بھرپور جواب دیں گے۔