پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و نومنتخب رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام کے معیار زندگی کی بہتری سمیت ملکی معیشت اور لوگوں کی آمدنی میں اضافہ پی ٹی آئی کی جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والی حکومت کا مشن ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا پی ٹی آئی کی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے ووٹ پڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوامی خواہشات کے مطابق ملکی معیشت اور پاکستان کو بہتر بنائیں گے اور ہر فیصلہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قسمت تبدیل کرنے کا سفر شروع ہونے والا ہے۔