وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریپ کے معاملے میں ’فرسٹ ڈگری‘ کا ارتکاب کرنے والوں کو آپریشن کے ذریعے ناکارہ کر دیا جانا چاہیے، تاکہ وہ آئندہ ایسا کوئی جرم نہ کرپائیں ۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ بیان پاکستان میں ریپ کے ایک حالیہ واقعے کے سخت ردعمل اور ملک کے مخلتف حصوں میں احتجاجی مظاہروں کے بعد سامنے آیا ہے۔
ریپ کا یہ واقعہ لاہور کے قریب پیش آیا تھا جہاں دو افراد نے رات گئے سڑک کنارے اپنی گاڑی میں مدد کے انتظار میں موجود ایک خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ریپ کیا تھا۔
وزیر اعظم نے اس تناظر میں ‘کیمیکل کیسٹریشن’ کا لفظ استعمال کیا جس کے بعد ہر کوئی اس پر بات کررہا ہے کہ یہ ہے کیا۔
کیمیکل کیسٹریشن کیا ہے ؟
کیمیکل کیسٹریشن کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ظاہری طور پر مرد کے اعضاء تناسل کو نقصان پہنچایا جائے یا اس پر تیزاب ڈالا جائے ۔ کیمیکل کیسٹریشن ادویات اور کمیکل کے ذریعے مردانہ جذبات کو ختم کیا جاتا ہے، جس سے ٹیسٹوسٹیرون کی سطح کو کم کیا جاتا ہے۔ ٹیسٹوسٹیرون وہ ہارمونز ہیں جو جنسی فعل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔