پیانگ یانگ (این این آئی)شام کے صدر بشار الاسد شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق 2011 میں اقتدار میں آنے کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان پہلی بار کسی ریاست کے سربراہ کی میزبانی کریں گے۔خیال رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے حال ہی میں سفارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ انھوں نے گذشہ ماہ چین کے صدر شی جی پنگ سے ملاقات کی تھی اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 12 جون کو ملاقات کریں گے۔دوسری
جانب شمالی کوریا کے اتحادی شام نے ابھی تک اس مجوزہ منصوبے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔شمالی کوریا اور شام پر کیمیائی ہتھیاروں کے حوالے سے تعاون کرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے جس کی دونوں ممالک تردید کرتے ہیں۔شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی نے شام کے صدر بشار الاسد کے دورے کی تاریخ نہیں بتائی ہے۔