Site icon Daira Din Panah – City Portal

سی پیک کے حوالے سے پاک فوج کی سیکیورٹی قابل تحسین ہے ، انسداد دہشت گردی کیلئے پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں،جنرل ژانگ کا آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں اعتراف

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ ژو زیانگ نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی ، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعرات کو یہاں جی ایچ کیو راولپنڈی میں چینی ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے ملاقات کی ۔ ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی

اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ اس دوران پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی ۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چینی جنرل ژانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادر اور سٹریٹجک شراکت دار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ قابل تعریف ہے اور چین انسداد دہشت گردی کیلئے پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سنٹرل کمیشن کے وائس چیئرمین نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کئے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور اس سلسلے میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے پاک فوج کی سیکیورٹی قابل تحسین ہے، سی پیک کی سیکیورٹی کے حوالے سے مزید تعاون کریں گے ۔ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور بھروسے کی بنیاد پر ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دوطرفہ دفاعی تعاون کے حوالے سے معاہدے بھی ہوئے ۔ جنرل ژانگ نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور اس دوران پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

Exit mobile version