ممبئی (این این آئی)بھارتی ریاست ہریانہ کی پولیس نے بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست ہریانہ کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) پولیس نے حیدرآباد سے سنپت نہرا نامی کرائے کے قاتل کو گرفتار کرلیاجس نے سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ سنپت نہرا کا راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر اور جرائم پیشہ شخص لارینس بشنوئی کے گینگ سے تعلق ہے۔پولیس کے مطابق
ممکنہ طور پر سنپت نہرا اداکار کو لارینس بشنوئی کے کہنے پر قتل کرنا چاہتے تھے ٗکیونکہ لارینس سلمان خان کو جنوری میں قتل کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد سے گرفتار کیے گئے سنپت نہرا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2 ماہ تک سلمان خان کے گھر کی ریکی کرنے سمیت ان کے آنے جانے اور گھر کی سیکیورٹی سے متعلق بھی معلومات حاصل کرلی تھی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس نے سلمان خان کو عین اس وقت قتل کرنے کی منصوبہ بندی بھی بنا لی تھی جب وہ نایاب کالے ہرن کے شکار کیس میں رواں برس اپریل میں 2 دن جیل میں گزارنے کے بعد گھر واپس آئے تھے۔پولیس کے مطابق ملزم نے سلمان خان کو عین اس وقت قتل کرنے کا منصوبہ بھی بنا رکھا تھا، جب اداکار جیل سے رہائی کے بعد ممبئی میں اپنے گھر کی بالکونی سے مداحوں کو ہاتھ ہلا کر جواب دے رہے تھے تاہم ملزم اپنے منصوبے میں ناکام رہے۔