ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے اقامہ اور وزٹ ویزا پر سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں تاہم سعودی عرب جانے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ پی سی آر ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے سے کم از 48 گھنٹے پہلے کرانا ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے سعودی عرب کی جانب سے مخصوص سفری پابندیاں نہیں ہیں جب کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی اضافی پروازوں کے بعد پاکستانی اب بغیر کسی مشکل کے سعودی عرب جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب نے اپنے شہریوں پر عائد کورونا سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔15 ستمبر سے مخصوص کیٹیگریز میں شامل سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دی گئی ہے جب کہ یکم جنوری 2021 سے یہ پابندیاں مکمل طور پر ختم ہوجائیں گی۔
اس کے علاوہ سعودی حکومت نے 4 اکتوبر سے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار اجازت بھی دے دی ہے۔