ماسکو: روس نے عالمی دنیا سے علیحدہ انٹرنیٹ سروس کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے عالمی دنیا کے انٹرنیٹ کی جگہ پورے ملک میں ’ان پلگ انٹرنیٹ‘ کا کامیاب تجربہ کیا۔
وزارت مواصلات کا دعویٰ ہے کہ عام صارفین کو سروس کی تبدیلی بالکل محسوس نہیں ہوئی، انٹرنیٹ کے کامیاب تجربے کے نتائج صدر پیوٹن کے سامنے جلد پیش کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ روس کے ان اقدامات کا مقصد اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عالمی ہم منصب سے تعلق کو محدود کرنا اور انٹرنیٹ صارفین کی رسائی پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔
چند ممالک سے تعلق رکھنے والے ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے انٹرنیٹ رسائی ختم کرنے کے رجحان پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ یونیورسٹی آف سرے کے کمپیوٹر ماہر پروفیسر ایلن ووڈوارڈ کا کہنا تھا کہ ’ایران اور چین اس طرح کے اقدامات پہلے ہی کرچکے ہیں، جن ممالک میں ڈکٹیٹر شپ ہے وہ صارفین تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایسے تجربات کررہے ہیں‘۔
روس کے وزارتِ مواصلات کی جانب سے علیحدہ انٹرنیٹ یا کامیاب تجربے کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی۔