صحت

رمضان المبارک میں صحت کو بہترین بنانے کا فارمولا

رمضان کی آمد کے ساتھ ہی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت کو برقرار رکھنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سحری کیلئے بہترین انتخاب چنے، آٹے کی روٹی، دلیہ، چاول، پھلی دانے ہیں۔

سحری میں نشاستوں سے بھرپور پھل اور سبزیاں، سیب، امرود، آڑو، آلو اور پالک جیسے کھانوں کو ترجیح دی جائے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق روزے کے طویل دورانیے کے پیش نظر ریشے والی غذائیں کھانا زیادہ بہتر ہے۔ گوشت اور مرغن غذاؤں کا استعمال ہر ممکن حد تک کم کیا جائے۔

رمضان سے متعلق جاری ہدایات کے مطابق سحر و افطار میں چائے کا کم استعمال یا مکمل گریز کرنا صحت کے لیے بہترین ہے۔ دودھ دہی اور ان کے استعمال سے تیار کردہ اشیاء کے استعمال کو دستر خوان کا لازمی حصہ بنائیں۔

سحر و افطار میں ضرورت سے زیادہ کھانا صحت کے لیے انتہائی خطرناک عمل ہے۔ زیادہ چکنائی، نمک اور چینی پر مشتمل کھانوں کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ افطاری کے فوراً بعد زیادہ پانی پینے سے اجتناب کیا جائے۔

افطار میں میٹھے مشروبات اور کاربونیٹڈ کولا ڈرنکس کی بجائے لیموں پانی استعمال کیا جائے۔ گھروں میں پکوڑے سموسے تیار کرنے میں استعمال شدہ تیل کا دوبارہ استعمال مت کریں۔

تلی ہوئی اشیاء کے استعمال کو معمول سے ذیادہ نہ کریں۔ رمضان المبارک میں جسمانی ورزش میں کمی کسی صورت نہ کریں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ رمضان میں غذائی لاپرواہی اور بسیار خوری صحت کی خرابی کا باعث بنتی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button