نئی دہلی: (ویب ڈیسک) فرانس کی طرف سے بھارت کو ملنے والے رافیل طیارے کے بعد بھارتی وزیر دفاع کی پوجا والی حرکتوں کا سوشل میڈیا پر لوگ خوب مذاق اڑاتے رہے اور اقدام کو پرانے خیالات سے تعبیر کر دیا۔
یاد رہے کہ فرانس نے گزشتہ روز پہلا رافیل جنگی طیارہ بھارت کے حوالے کر دیا۔ یہ جنگی طیارہ ملنے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے شستر پوجا یعنی اسلحہ پوجا کی۔ طیارے پر سندور سے اوم لکھا، اس پر پھول، ناریل اور لڈو چڑھائے۔ اسکے علاوہ طیارے کے پہیے کے نیچے دو لیموں بھی رکھے گئے ۔اس سب کے بعد راج ناتھ سنگھ نے اس طیارے میں بیٹھ کر پرواز کی۔
بھارتی وزیر دفاع کے اس اقدام پر سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر ہر کوئی ان کا مذاق اُڑا رہا ہے جبکہ اس دوران متعدد افراد نے پوجا کی اس رسم پر خوب تنقید بھی کی۔
ٹویٹر پر ایک سکھ خاتون صارف نے وزیر دفاع کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت ایک ملک ہے، جہاں مسلمان، ہندو، کرسچن، جین، سکھ سمیت دیگر متعدد مذاہب کے لوگ رہتے ہیں اور ملک کے لیے ٹیکس بھرتے ہیں میں یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ مرکزی حکومتی رافیل طیاروں کا استقبال صرف ہندووانہ رسم و رواج سے کیوں کر رہی ہے۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کو بچانے کے لیے اربوں روپے کا طیارہ خرید لیا پھر لیموں، کوکونٹ خرید لیے جو رافیل طیاروں کی حفاظت کریں گے، کیا یہ مذاق ہے۔
ایک خاتون صارف نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کا بھی خوب مذاق اُڑایا اور لکھا کہ رافیل طیاروں کے بعد مودی بی جے پی کے دفاعی ماہرین کیساتھ بات کرتے ہوئے۔
ایک پاکستانی صارف کا کہنا تھا کہ جتنے مرضی لیموں رکھ لو، ان کا رس ہمارے فضائیہ کے جوان ہی نچوڑیں گے۔
یاد رہے کہ فرانس کے ساتھ طیاروں کا معاہدہ متنازعہ رہا ہے اور انڈیا کی حزب اختلاف مطالبہ کرتی رہی ہے کہ فرانسیسی رافیل جیٹ طیاروں کی خریداری میں مبینہ طور پر اربوں ڈالر کی بدعنوانی پر وزیراعظم نریندر مودی استعفیٰ دیں۔